یاسین ملک کے خلاف دہشتگردی کے جھوٹے مقدمے پر عمر قید کی سزا کا فیصلہ بھارتی جبر کی تازہ مثال ہے، منیر اکرم

اقوام متحدہ:پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارتی عدالت کی جانب سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو دہشت گردی کے جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا کی مذمت کرتےہوئے اس فیصلے کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی جبر اور مظالم کی نئی مثال قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں ’’مسلح تصادم میں شہریوں کا تحفظ ‘‘ کے موضوع پر بحث کے دوران کہا کہ دیگر نو آبادی طاقتوں کی طرح بھارت نے کشمیر کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کے طور پر پیش کیاہے جو ان کی ایک قانونی جدو جہد کو دبانے کی کوشش ہے اور یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتاہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی کینگرو عدالت کا کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کے خلاف دہشت گردی کے جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا کا فیصلہ بھارتی جبر کی تازہ مثال ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارت یاسین ملک کو قید کر سکتا ہے لیکن انہوں نے جدوجہد آزادی کا جو تصور پیش کیا اسے کبھی قید نہیں کر سکتا۔پاکستانی مندوب منیر اکرم نے سوال اٹھایا کہ جب فوج کی کارروائیوں کا مقصد شہریوں کی آواز کو دبانا ہے تو شہریوں کو کیسے تحفظ دیا جائے؟ یہ وہ معاملہ ہے جب غیر ملکی قابض افواج لوگوں کو ان کے حق خود ارادیت سےمحروم کرکے اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کے جدوجہد آزادی کے مطالبے اور ان کے اقوام متحدہ کے وعدہ کردہ حق خودارادیت کو دبانے کے لیے9لاکھ بھارتی فوجیوں نے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے ۔5 اگست 2019 کو بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی اور اس اقدام کے بعد سے متنازعہ علاقے کے ہر شہر، قصبے، گاؤں اور محلے میں بھارتی فوجی تعینات ہیں تاکہ بھارتی رہنمائوں کے مسئلہ کشمیر کے نام نہاد حتمی حل کا نفاذ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، اجتماعی سزائوں ،پرامن مظاہرین پر تشدد اور پیلٹ گنز کا استعمال کر رہا ہے جس سے سینکڑوں بچے بینائی سے محروم ہو گئے،بھارت غیر کشمیریوں کو جعلی ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس جاری ، کشمیریوں کی زمینوں پر قبضہ اور ان کی فروخت اور انتخابی حلقوں میں تبدیلی کر کے جموں و کشمیر کی مسلمان اکثریت والی ریاست کو ہندو اکثریت میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کے حل تک پاکستان اور بھارت میں جوہری تنازع کا خطرہ موجود رہے گا۔پاکستانی مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل کی جوہری تنازع کے پہلوئوں ’’جو ناقابل تصور تھا اب ممکن ہو گیا‘‘ سے متعلق رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ مشاہدہ نہ صرف یوکرین میں جاری خطرناک تنازعہ پر لاگو ہوتا ہے بلکہ جوہری طاقت کے حامل جنوبی ایشیا پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل پر زور دیتا ہے کہ وہ تنازع کشمیر پر خاموش نہ رہیں اور اسے نظرانداز نہ کریں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں ، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور جموں و کشمیر کی خواہشات کے مطابق تنازع کشمیر کے فوری اور پرامن حل کے فروغ کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کرے اور سیاسی تعلقات کو متحرک کرے۔ہیں۔