ہندوستانیوں کی چیخیں نکل گئیں

نئی دہلی: بھارت کی معیشت 70 سال کے سب سے بدترین بحران کا شکار، مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر پہنچ گئی، ہندوستانیوں کی چیخیں نکل گئیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت دنیا کے سامنے تو یہ دعوے کرتا نہیں تھکتا کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی ابھرتی ہوئی معیشت ہے، تاہم حقائق اس کے برعکس ہیں۔بھارت کے اپنے ادارے چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ مودی کے 5 سالہ دور اقتدار میں بھارتی معیشت تباہ ہوگئی ہے۔ بھارتی عوام اس قدر معاشی بدحالی کا شکار ہوگئے ہیں کہ بھارت میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والا اور سستا ترین پارلے بسکٹ بھی اب لوگوں کی پہنچ سے دور ہوگیا ہے۔ بھارت کی عوام کہنے لگی ہے کہ ان کی معاشی حالت اس قدر خراب ہو گئی ہے کہ انہیں اب 5 روپے کا پارلے بسکٹ کا پیکٹ بھی خریدنے سے قبل 10 مرتبہ سوچنا پڑتا ہے۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورت حال سے بھارتی معیشت پر بھی برے اثرات پڑے ہیں اور مودی سرکار کے پالیسی تھنک ٹینک کے مطابق بھارت کو جس اقتصادی سست روی کا سامنا ہے اس کی مثال پچھلے ستر سال میں نہیں ملتی۔بھارتی حکومت کے پالیسی تھنک ٹینک نیشنل انسٹی ٹیوشن فار ٹرانسفارمنگ انڈیا کے وائس چیئرمین راجیو کمار کا کہنا ہے کہ بھارت کو اس وقت جس اقتصادی سست روی کا سامنا ہے اس کی مثال پچھلے 70 سال میں نہیں ملتی۔راجیو کمار کا کہنا ہے کہ پورا مالیاتی شعبہ خراب صورت حال سے دو چار ہے اور کوئی بھی کسی پر اعتماد نہیں کر رہا۔دوسری جانب امریکا کے آزاد مالیاتی ادارے جیفریز کے ایکویٹی اسٹریٹجیز شعبے کے گلوبل ہیڈ اور معروف تجزیہ کار کرس ووڈ نے بھی موجودہ سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر بھارت کی اقتصادی صورتحال مزید خراب ہونے کی پیش گوئی کر دی۔