بھارت جعلی فلیگ آپریشن کرسکتا ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے لوگوں کو بھارتی بربریت سے بچانے ،کرفیو اٹھانے اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کو روکنے کے لیے فوری اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔عالمی برادری کی کوششیں ناکام ہوئیں تو کشمیری مزاحمت کے تمام آپشنز بروئے کار لا سکتے ہیں۔ بھارت جعلی فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔سرینگر ائر پورٹ سے اپوزیشن رہنماوں کی واپسی دنیا کی بڑی جمہوریت کی دعویدار بھارتی حکومت کی فسطایئت کی بدترین مثال ہے۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔اب چیت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے بعد خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے اقوم متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ بیس روز سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاون کر رکھا ہے ذرائع مواصلات پر پابندی عائد جبکہ گزشتہ بیس روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے۔بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔