سی پیک اب نئے مرحلہ میں داخل

اسلام آباد : چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ چین سماجی شعبے کے منصوبوں کیلئے گرانٹ فراہم کرے گا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سماجی شعبے کے منصوبے ترجیحات ہیں، پاکستانی برآمدات کےفروغ کیلئے ٹیکنالوجی میں تعاون اور صنعتی ترقی ترجیحات ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر سے پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر چینی سفیر نے سی پیک سے متعلق منصوبوں پر پیشرفت سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔

انہوں نے اپنی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کے حوالہ سے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور کی تقرری سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں سماجی و اقتصادی شعبہ کے منصوبے ترجیحات میں شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک اب نئے مرحلہ میں داخل ہو رہا ہے، حکومت پاکستان عوام کے فائدہ کیلئے سی پیک کے دوسرے مرحلہ کے نفاذ کے حوالہ سے پرعزم ہے۔ انہوں نے چین کے پاکستان کے ساتھ تاریخی تعلقات اور فراخدلانہ حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے مشکل وقت میں پاکستان کو اقتصادی اور مالیاتی معاونت فراہم کی ہے۔وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر چین کے مؤقف کو بھرپور طریقہ سے سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے چینی سفیر کو موجودہ حکومت کی انسانی وسائل کی ترقی، صحت و تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور مکانوں کی تعمیر کے منصوبوں سمیت عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔