عسکری قیادت کا پاک فوج کو بدنام کرنے کی پروپیگنڈا مہم کا سخت نوٹس

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 79ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کانفرنس کے شرکاء کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور ردعمل کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے سرحدوں کی حفاظت اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔فورم نے کچھ حلقوں کی جانب سے پاک فوج کو بدنام کرنے اور ادارے اور معاشرے کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی حالیہ پروپیگنڈہ مہم کا نوٹس لیا اور قرار دیا کہ پاکستان کی قومی سلامتی مقدم ہے، پاک فوج اس کی حفاظت کے لیے کسی سمجھوتے کے بغیر ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔فارمیشن کمانڈرز نے آئین اور قانون کی حکمرانی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے عسکری قیادت کے فیصلے پر بھر پور اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور ہر طرح کے حالات میں تمام اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع جاری رکھے گی۔