ڈیرہ ترقیاتی ادارہ کے تحت ہاؤسنگ سکیم میں کروڑوں لاگت سے امپرومنٹ پلان کا افتتاح

ڈیرہ اسماعیل خان:خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی فیصل امین گنڈاپور نے اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوران ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں ڈیرہ ترقیاتی ادارہ کے تحت ہاؤسنگ سکیم میں کروڑوں روپے کی لاگت سے امپرومنٹ پلان کا افتتاح کیا جن میں انڈرگراؤنڈ سیوریج، سڑکوں، گرین بیلٹس، پارکس اور سٹریٹ لائٹس کی تعمیر و تنصیب شامل ہیں تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عنایت اللہ وسیم، ڈیرہ ترقیاتی ادارہ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہجہان خان اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ عمائدین علاقہ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں کرونا کی طویل آزمائشوں سے گزرنے کے باوجود تعمیر و ترقی، روزگار اور غریب طبقوں کو اپنے چھت کے نیچے زندگی گزارنے کی ان گنت سہولیات فراہم کی گئیں اسطرح عوام سے روٹی کپڑا اور مکان کا وعدہ بھی آج ہم پورا کر رہے ہیں مگر یہ وعدے ہم نہیں بلکہ ماضی میں کئی بار حکمرانی کا مزہ چکھنے والی جماعتیں محض عوام کے ووٹ بٹورنے کیلئے کرتی رہیں اور پھر یہ حکمران برسر اقتدار آکر سارے وعدے بھول جاتے اور اپنی ذاتی تجوریاں بھرنے کیلئے کرپشن کا بازار گرم کر دیتے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی کے حکمرانوں نے میگا پراجیکٹس کے نام پر قومی دولت کو شیرمادر سمجھ کر دونوں ہاتھوں سے لوٹا مگر عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی مگر آج ہماری حکومت کا ہر کام اور پلان صرف عوامی مفاد پر مبنی ہے فیصل امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ڈی ڈی اے ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے فنڈز بھی طویل عرصے سے رکے ہوئے تھے جس کی وجہ یہاں کے رہائشی مسائل بڑھنے لگے تھے مگر انکی کوشش اور توجہ سے فنڈز کی فراہمی ممکن ہوئی اور اب یہاں کے لوگ بھی کافی خوش اور ترقی کے دھارے میں شامل ہو گئے ہیں۔