صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سبی اور باجوڑ میں پاک فوج کے شہید جوانوں کے ورثاءسے ٹیلی فونک رابطہ

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 8 مارچ کو ضلع سبی میں خودکش حملے اور 21 مارچ کو باجوڑ حملہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاءسے ٹیلی فونک رابطہ کرکے شہداءکی عظیم قربانی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حسب روایت شہداءکے لواحقین سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے خود کش حملے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور شہداءکے بلندی درجات کے لئے دعائے مغفرت کی۔صدر مملکت نے شہداءاور ان کے خاندانوں کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہداءکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حوالدار عبدالطیف اور نائیک وحید اللہ کے اہل خانہ سے بات چیت کی، انہوں نے سپاہی عبدالجمال اور سپاہی سبطین حیدر کے لواحقین سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی۔صدر مملکت نے 21 مارچ کو باجوڑ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے بھی بات کی۔ صدر مملکت نے سپاہی کامران خان اور نائب صوبیدار اشتیاق احمد کے ورثاءسے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی۔ صدر مملکت نے شہداء کیلئے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔