پی این ایس ہیبت پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو تقویت دے گی، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی

راولپنڈی:پاک بحریہ کے مقامی طور پر تیار کردہ فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل پی این ایس ہیبت کی کمیشننگ اور تیسرے 16 ٹن بولارڈ پل ٹگ کی شمولیت کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس ہیبت کا آغاز مقامی ڈیزائن اور تعمیر میں ایک نئے باب کا آغاز کرتا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید پختہ ہو گیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی مجموعی سکیورٹی کے تناظر میں پی این ایس ہیبت سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور بحر ہند کے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں بحری چیلنجوں کا جواب دینے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کے ایس اینڈ ای ڈبلیو، ایم ٹی سی اور پاکستان نیوی کی جانب سے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔اس سے قبل کے ایس اینڈ ای ڈبلیو کے منیجنگ ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے اس بات پر زور دیا کہ میزائل کرافٹ پی این ایس ہیبت ایک کثیر مشن کے قابل پلیٹ فارم ہونے کی وجہ سے پاک بحریہ کی میری ٹائم دفاعی صلاحیتوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ PNT GOGA کی شمولیت بھی ایک سنگ میل ہے جس سے مقامی جہازوں کی تعمیر کی صلاحیتوں کو تقویت ملے گی۔تقریب میں غیر ملکی معززین، وفاقی اور صوبائی حکومتوں پاکستان نیوی اور کے ایس اینڈ ای ڈبلیو کے حکام نے شرکت کی۔واضح رہے کہ پی این ایس ہیبت پہلا لینڈ مارک پروجیکٹ ہے جسے میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس نے مقامی طور پر ڈیزائن کرتے ہوئے بغیر کسی غیر ملکی تکنیکی مدد کے تیار کیا ہے۔