تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی، فرخ حبیب

اسلام آباد :وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ بیرونی طاقتوں نے ہمیشہ ملکی معاملات میں مداخلت کی کوشش کی ، خط میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں ۔فرخ حبیب نے وزیراعظم ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ، ایسی دھمکی کسی اورملک کونہیں دی گئی،کوئی بیرونی طاقت کسی آزاد ملک کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتی،کابینہ ارکان نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتمادکااظہار کیا،کابینہ ارکان نے خط کو قومی سلامتی کمیٹی میں لانے کی تجویز دی ۔وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ خط کی تفصیلات شیئر کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیرخارجہ کی واپسی پر ہوگا،ملک کے اندر کچھ عناصر بیرونی سازش کا حصہ بنے ہوئے ہیں،بیرونی سازش میں ملوث کٹھ پتلیوں کو قوم جان چکی ہے،بیرونی سازش کا حصہ بننے والوں کو قوم کو جواب دینا پڑے گا،عمران خان کے خلاف متحد ٹولہ ہمیشہ بیرونی آقاوں کو خوش کرتا رہا،عمران خان نے ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی،عمران خان آزادخارجہ پالیسی پرسمجھوتہ نہیں کریں گے،عمران خان نے ہمیشہ ملک کے مفاد کو مقدم رکھا ۔فرخ حبیب نے کہاکہ عمران خان نے اسلاموفوبیا اور ناموس رسالت کا مقدمہ لڑا، عمرا ن خان نے کبھی قومی غیرت پر آنچ نہیں آنے دی، پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، عمرا ن خان ہمیشہ آخری گیندتک مقابلہ کرتے ہیں ،قوم کے سامنے سچ رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے،اقتدار عمران خان کی مجبوری نہیں، انہوں نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی۔