افغانستان میں استحکام جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ افغانستان میں استحکام جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کو علاقائی تناظر سے نہیں بلکہ مشترکہ اور اجتماعی ذمہ داری کے طور پر دیکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام کے پوری دنیا پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ناکامی کوئی آپشن نہیں ، اگر عالمی برادری افغانستان میں ناکام ہوئی تو اس کے نتیجہ میں مہاجرین کی تعداد،دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ میں اضافہ ہوگا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر افغانستان میں اقتصادی بحران جاری رہا تو ثمرات پلٹ سکتے ہیں، ہمیں س اس کو روکنا ہوگا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ مستقل روابط کی وکالت کی ہے، اس نازک مرحلے پر انسانی امداد کو سیاست سے جوڑنا درست نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اور عالمی برادری کے درمیان مسلسل رابطوں سے افغانستان کے پائیدار اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔وزیر خارجہ نے کہا اس وقت افغان عبوری کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ اندرونی عدم استحکام اور کوئی خانہ جنگی نہیں، لڑکیوں کے اسکول کھول دیئے گئے، اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہے،افغانستان اس وقت ایک نازک دوراہے پر کھڑا ہے، 40 سال سے زیادہ عرصے میں پہلی بار اس کے پورے علاقے میں ایک واحد متحد نظام موجود ہے،جنگوں اور خونریزی کی چار دہائیاں ختم ہوگئیں،کرپشن میں واضح کمی آئی ہے جس سے ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان ایک قابل عمل اور پائیدار مستقبل کی طرف بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس لیے عالمی برادری کو بالعموم اور علاقائی ممالک کو بالخصوص فوری افغانستان میں استحکام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری نے اپنی ماضی کی غلطیوں کو ترک نہیں کیا تو اس کے اثرات نہ صرف ہمارے خطے پر پڑے گے بلکہ عالمی سطح پر محسوس کئے جائیں گے،افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کی فوری ضرورت کے علاوہ ہمیں افغانستان میں طویل مدتی انفراسٹرکچر اور کنکٹیویٹی کے منصوبوں پر بھی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ اہم بنیادی ڈھانچے اور رابطے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں،پاکستان ایک پڑوسی ملک کے ناطے,افغانستان کے امن و استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔