جب تک ہنر کا شعبہ ترقی نہیں کرے گا ملک ترقی نہیں کرے گا، وفاقی وزیر شفقت محمود

اسلام آباد:وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے پاکستان کی پہلی سکلز یونیورسٹی ‘ پاکستان نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد ‘ کا افتتاح کر دیا۔جمعہ کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا ہماری حکومت کا شعبہ ہنر کو ترجیح دینا دراصل وزیر اعظم عمران خان کا وژن تھا انکا ماننا ہے کہ جب تک ہنر کا شعبہ ترقی نہیں کرے گا ملک ترقی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا پہلی بار کسی حکومت نے سکلز ڈیویلپمینٹ کے لئے 10 ارب کا پیکج دیا اور اب اسکے خوش آئند اثرات موصول ہو رہے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں نوجوان تربیت حاصل کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا آگے جو زمانہ آ رہا ہے اس میں سکلز ایجوکیشن کو فارمل ایجوکیشن کے مقابلے میں زیادہ اہمیت دی جائے گی۔ اب انٹرنیشنل اداروں جیسے ٹوئٹر اور فیس بک میں سکلز بیسڈ ہائرنگ کی جا رہی ہے۔ نیشنل سکلز یونیورسٹی جلد ہی ملک کا بڑا ادارہ بنے گا اور عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائے گا۔ انہوں نے کہا یہاں پر سائبر سیکیورٹی، آٹو موٹیو، ہاسپیٹلیٹی اور دیگر ہنر پر مبنی سینٹر آف ایکسی لینس قائم ہونگے۔ یہاں انٹر پرینیور شپ اور انڈسٹری لینکیجز قائم کریں گے۔وفاقی وزیر تعلیم نے ہنر کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا اسوقت ہائر ایجوکیشن کو جو بڑا چیلنج درپیش ہے وہ یہ کہ لوگ سالوں کی ڈگریوں کے باوجود روزگار نہیں پا سکتے جسکی ایک وجہ ہائر ایجوکیشن میں مطابقت کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کے تحت موجودہ سکلز ٹریننگ بیچ میں 60 پی ایچ ڈیز نے اپلائی کیا ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں ماسٹر ڈگری ہولڈرز اور گریجوایٹس نے اپلائی کیا۔ جہاں لانگ ٹرم ڈگری ضروری ہے وہیں شارٹ ٹرم ٹریننگ کورسز بھی بہت ضروری ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے نیشل سکلز یونورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مختار احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا وہ بہت محنتی آدمی ہیں لگن سے کام کرتے ہیں اور بہت کم وقت میں یونیورسٹی کو بہت آگے لیکر جائیں گے۔ انہوں نے کہا ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے بڑے مشکل وقت میں ہائر ایجوکیشن کی جو خدمت کی وہ قابل تعریف ہے۔اسی طرح وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت بالخصوص محی الدین احمد وانی کا کردار بھی قابل ستائش ہے کہ ان کو جب بھی ٹاسک دیا انہوں نے ڈیلیور کیا اور آئندہ بھی وزارت تعلیم بھرپور طریقے سے سپورٹ کرتی رہے گی۔