کوہاٹ: پاک فوج کے تعاون سے میگا فیسٹیول سپورٹس کمپلیکس میں اختتا م پذیر

کوہاٹ: پاکستان ڈے کی مناسبت سے کوہاٹ میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کوہاٹ اورپاک آرمی کا سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے شروع کردہ مہینے بھر پرمحیط پاکستان ڈے میگا فیسٹیول کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں ایک رنگا رنگ اورشاندار پروگرام میں اختتا م پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنرکوہاٹ ڈویژن محمد جاوید مروت جبکہ جی او سی میجرجنرل عاکف اقبال اور چیئر مین ڈیڈیک کوہاٹ ضیاء اللہ بنگش گیسٹس آف آنر تھے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنرکوہاٹ روشان محسود، اے ڈی سی بشیر احمد ،ریجنل سپورٹس آفیسر سکندر شاہ متعلقہ محکمو ں کے سربراہان ،اساتذہ کرام ،مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں اورعام لوگوںکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مذکورہ میگا فیسٹیول میں سپورٹس ایونٹس جیسے کرکٹ، فٹ بال ،والی بال ،بیڈ منٹن ،نیٹ بال اورٹینس کے علاوہ سکولوںکی سطح پر بچوں کے مابین اردو اورانگریزی کے تقریری مقابلوں سمیت حمد ،نعت خوانی، ٹیبلو،کوئز،ملی نغموں ،قومی ترانہ ،سکاؤٹنگ اور پوسٹر میکنگ کے مقابلے بھی ہوئے ۔اختتامی تقریب میں پختونخوا کلچرکی عکاس اتنڑ،جمناسٹک ،گھوڑاڈانس،تائیکوانڈواورموسیقی کے علاوہ بچوں نے پاکستان ڈے کی مناسبت سے تقاریر بھی کیں،ٹیبلو پیش کیا اورناظرین سے خوب داد وصول کی۔ اس موقع پر مختلف محکموں اور اداروںکی جانب سے خصوصی سٹالز بھی لگائے گئے تھے جن میں مہمانان خصوصی اور عام لوگوں نے خصوصی دلچسپی لی اوراس سلسلے میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہا ۔مہمانان خصوصی جاوید مروت، میجرجنرل عاکف اقبال اورضیاء اللہ بنگش نے ونر اوررنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں دینے کے علاوہ مذکورہ مقابلوںمیں پوزیشن ہولڈرز بچوں میں انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے۔ آخرمیں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ روشان محسودنے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اورپروگرام کے منتظمین کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔ بعدازاں کمشنر کوہاٹ جاوید مروت نے گیسٹس آف آنر جی ا و سی میجر جنرل عاکف اقبا ل اورچیئرمین ڈیڈیک ضیاء اللہ بنگش کو سوینیئر پیش کئے۔