قائمہ کمیٹی برائے محکمہ مواصلات و تعمیرات کا اجلاس،ضلع مہمند کے سڑکوں سے متعلق تفصیلات طلب

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ مواصلات و تعمیرات کا اجلاس اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقدہوا۔ کمیٹی کے چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی امیر فرزند خان نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی فیصل زمان، عائشہ بی بی، احمد کنڈی، عنایت اللہ، محمود احمد خان، اور حمیرہ خاتون سمیت سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات منیجنگ و پراجیکٹ ڈائریکٹرز پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی، چیف انجینئرز سی اینڈ ڈبلیو، ایڈیشنل سیکریٹریز محکمہ قانون و محکمہ منصوبہ سازی و ترقی، ایڈیشنل و اسسٹنٹ سیکریٹریز صوبائی اسمبلی، اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں چکدرہ تا فتح پور سوات، پشاور تا ڈیرہ اسمعیل خان اور چکدرہ تا دیر موٹرویز کی تعمیر اور اس سلسلے میں محکمانہ اقدامات، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت و اہمیت، محکمہ میں خصوصی افراد کے لئے بھرتی کوٹہ یقینی بنانے جبکہ تمام محکموں اور بلخصوص محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ناکارہ مشینریز کے لیے اصول مرتب کرنے سے متعلق سیر حاصل گفتگو ہوئی۔چیئر مین امیر فرزند خان نے ممبر صوبائی اسمبلی عائشہ بی بی کی درخواست پر ضلع مہمند میں خوئزے بائزے کی 46 کلومیٹر جبکہ پنڈیالے تا انبار 64 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر سے متعلق مکمل تفصیلات اگلے کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پرچیئر مین قائمہ کمیٹی امیر فرزند خان نے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الااقوامی معیار کے مطابق سڑکوں کی تعمیر کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا۔انہوں نے اس سلسلے میں آبادی اور زرعی اراضی بچانے اور عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اجلاس کے اختتام پر چیئر مین امیر فرزند خان نے منتظمین محکمہ مواصلات و تعمیرات کے جوابات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوے تمام ممبران کمیٹی و انتظامی افسران کا شکریہ بھی ادا کیا