ملک کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، سید امین الحق

کراچی:وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ڈیجیٹل انقلاب کے دہانے پر کھڑا ہوا ہے،ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے ہی معاشی ترقی ممکن ہے، ملک کو ڈیجیٹل دنیا سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں، پاکستان کی پہلی کلاؤڈ پالیسی وزارت آئی ٹی کی انقلابی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انھوں نے یہ بات کراچی میں کلاؤڈ کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب کا اہتمام معروف ٹیک کمپنی ہواوے اور اباکس نے کیا تھا۔ اس موقع پر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ہواوے کے مابین کلاؤڈ سروسز فراہمی کے معاہدے پر دستخط بھی کیئے گئے۔ تقریب میں سیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر محمد سہپل راجپوت، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، ایم ڈی سافٹ ویئر بورڈ عثمان ناصر اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر سید امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ملک کو ڈیجیٹل پاکستان کا وژن فراہم کیا۔ جس کی تکمیل کیلئے گذشتہ ساڑھے تین سالوں میں وزارت آئی ٹی نے نمایاں کارنامے سرانجام دیئے ہیں ، ملک بھر کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں موبائل رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے 52 ارب روپے کے 56 سے زائد منصوبوں کا آغاز کیا گیا، ملک بھر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کا جال بچھایا گیا، آئی ٹی انڈسٹری کیلئے تاریخی پیکج منطور کروایا جبکہ انڈسٹری کو دی جانے والی سہولیات کے نتیجے میں برآمدات اڑھائی ارب ڈالرز سے تجاوز کرچکی ہیں۔ملک بھر میں فور جی سہولیات کیلئے اپ گریڈیشن کا عمل تیز کروایا گیا ہے جبکہ فائیو جی کی تیاریاں اپنے آخری مراحل میں ہیں۔ پرسنل ڈیٹا پروٹکشن بل، سوشل میڈیا رولز، سائبر سیکیورٹی پالیسی سمیت کئی اہم امور میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار قواعد و ضوابط وضع کیئے گئے۔سید امین الحق نے مزید کہا کہ وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی پہلی کلاؤڈ پالیسی پاکستان کی جانب سے حاصل کیا گیا سب سے اہم سنگ میل ہے جس کے ذریعے ایک جانب تو حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی تو دوسری جانب اہم ترین ڈیٹا پر سائبر حملوں اور ڈیٹا لیکیجز کے خطرات کم سے کم ہوجائیں گے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں خصوصاً دنیا کی معروف کمپنیوں کلاؤڈ گوگل، امازون سمیت دیگر کو پاکستان آنے میں رغبت ملے گی ۔انھوں نے اس ضمن میں ہواوے کی جانب سے کلاؤڈ سروسز فراہمی کے پہلے قدم پر مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ یہ سفر یہاں نہیں رکے گا بلکہ آگے مزید آگے بڑھے گا۔وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ فور جی کے سنگ میل کو حاصل کرنے کے بعد ہمارا ہدف فائیو جی ہے کیونکہ ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کے بعد ہی صنعتی اور زرعی ترقی کا عمل تیز ہوسکتا ہے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔خواتین کیلئے باعزت طریقے سے روزگار کمانے کی راہیں ہموار کی جارہی ہیں۔ انھوں نے کورونا وباٗ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران جہاں پوری دنیا کی معیشت مفلوج ہورہی تھی پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری نے اس وباٗ کو سنہرے موقع میں تبدیل کرتے ہوئے اپنے نوجوانوں کے ذریعے ٹیکنالوجی کو کمائی کا ایک بڑا ذریعہ بنادیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ دنیا آئی ٹی اور آئی ٹی سروسز میں نئی تبدیلیوں کی طرف تیزی سے گامزن ہے ، وقت آگیا ہے کہ ایک زرعی و صنعتی ملک کی حیثیت سے اپنی کھوئی ہوئی پہچان نئے عزم کے ساتھ بحال کرنے کیلئے ہم ٹیکنالوجی کا اس میں استعمال کریں۔