اقوام متحدہ کی جانب سے اسلاموفوبیا کے حوالے سے قراردار کی متفقہ منظوری پر یوم تشکر منایا جائے گا، حافظ طاہر اشرفی

اسلام آباد:وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی امور اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اسلاموفوبیا کے حوالے سے قراردار کی متفقہ منظوری پر آج جمعہ کو ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائے گا، اس قرارداد کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی قیادت میں یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے گزشتہ اجلاس میں وزیراعظم پاکستاں عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے اسلامو فوبیا کے حوالے سے متفقہ قرارداد پیش کی تھی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس قرارداد کو اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا، او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے قرارداد کی کامیابی کے لئے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی اور دیگر ممالک سے بات چیت کے ذریعے اس قرارداد کی کامیابی کے لئے محنت و کوششیں کیں۔انہوں نے کہا کہ دو دن قبل یہ قرارداد اقوام متحدہ سے متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے، اس قرارداد کا محرک پاکستان تھا، یہ کامیابی پوری امت مسلمہ سمیت پاکستان کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد کی کامیابی پر (آج) بروز جمعہ پورے ملک میں یوم تشکر منایا جائے گا، تمام عوام سے اپیل ہے کہ جمعۃ المبارک کو یوم تشکر کے طور پر منایا جائے۔ اس قرارداد کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان، تمام اسلامی و دیگر ممالک سمیت جنہوں نے اس قرارداد کی کامیابی کے لئے ساتھ دیا ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہیں حجاب اتروایا جا رہا ہے اور کہیں داڑھی پر اعتراض ہے، اسلام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے جوڑنا، مسلمانوں میں نفرت پیدا کرنا یہی اسلاموفوبیا ہے، اب اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 مارچ کو وزیراعظم عمران خان اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا افتتاح کریں گے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 50 سے زائد ممالک کے وفود اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں، کسی ملک نے ابھی تک پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور سالمیت کے لئے خبر کی تصدیق کئے بغیر اس کو آگے نہ پھیلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ کے دوران اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا پاکستان میں دوسرا اجلاس ہونا پاکستان کے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ اس اجلاس میں پوری امت مسلمہ کے مسائل اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے عملی اقدامات کے لئے بات کی جائے گی۔