وفاقی وزیر شبلی فراز نے این آئی او میں انٹرگریٹڈ فزیکل اوشینوگرافک لیبارٹری افتتاح کر دیا

اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹرشبلی فراز نے کراچی میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشیانوگرافی (این آئی او) کا دورہ کیا اور انٹیگریٹڈ فزیکل اوشینوگرافک لیبارٹری (آئی پی او ایل) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر این آئی او کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ثمینہ قدوائی نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔انٹیگریٹڈ فزیکل اوشینوگرافی لیب ایک نیوکلئس کے طور پر کام کرے گی جہاں جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تمام فزیکل پیرامیٹرز اور اس سے منسلک ڈیٹا حاصل کیا جائے گا اور ان کا تجزیہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نےنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشیانوگرافی اور پراجیکٹ ٹیم کے سائنسدانوں کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اپنی تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ اور وسعت دیتا رہے گا۔انہوں نے ادارے کی مختلف لیبارٹریز کا دورہ بھی کیا اور سائنسدانوں سے ملاقات کے دوران ان کی جانب سے کی جانے والی تحقیق پر تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹرشبلی فراز نے اس بات پر زور دیا کہ این آئی اوکے پراجیکٹ کے نتائج بنیادی اعداد و شمار فراہم کریں گے جو نقصانات کا اندازہ لگانے میں مدد کریں گے، سمندر کی سطح میں اضافہ سمیت پاکستان کے ساحل کے ساتھ ساتھ زمینی سبسائڈنگ زون کی نقشہ سازی کے لئے بنیاد فراہم کریں گے۔