تمباکو نوشی کے خطرات کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے،ڈاکٹر فیصل سلطان

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی کے خطرات کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیکٹ شیٹ لانچ ان ٹوبیکو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل میں ابھی تمباکو نوشی کا رجحان بہت زیادہ ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ دیگر وزارتیں تمباکو نوشی کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ دوسرے ممالک سے موازانہ کیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے تمباکو نوشی کو کم کرنے میں کتنے سخت اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش رہی ہے کہ ایسا بل منظور ہو جس میں وہ تمام چیزیں شامل ہوں جن کا استعمال مضر ہے اور بل میں ٹیکس نما چیز ڈالی جائے تاکہ اس کے استعمال میں کمی لائے جاسکے۔انہوں نے کہاکہ ہیلتھ پروفیشنلز کی تربیت کی بہت ضرورت ہے کیونکہ جب ہیلتھ پروفیشنلز کی تعلیم اس کی تربیت اور ان کےکوالٹی آف نالج کو جب آپ بڑھاتے ہیں تو خود بخود معاشرے کا ماحول بدلتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کیونکہ جب ڈاکٹرز تمباکو نوشی کے استعمال کے نقصانات بتائیں گے تو عوام پر اس کا اثر زیادہ جلدی ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو آگاہی دینےسے ہی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے کیونکہ تمباکو نوشی کا زیادہ استعمال صحت کے لئے نقصان دہ ہے ۔