یوکرین میں پھنسے 232 پاکستانیوں کی وطن واپسی

اسلام آباد:پی آئی اے کا خصوصی طیارہ یوکرین میں پھنسے 232 پاکستانیوں کو لے کر منگل اور بدھ کی درمیانی شب وطن واپس پہنچ گیا۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق طیارہ پاکستان سے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا روانہ کیا گیا تھا ۔واضح رہے کہ وزارت خارجہ اور حکومت پاکستان کی ہدایات پر یہ طیارہ روانہ کیا گیا ۔ پی کے 7788 بدھ کو رات 12 بجے اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر واپس لینڈ کر گیا۔پی آئی اے اور وزارت خارجہ کی حکام نے ائیرپورٹ پر پاکستانی طلبا اور مسافروں کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پر ہوائی اڈے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور وطن واپس پہنچنے پر بہت سے مسافر وطن کی سرزمین پر آبدیدہ ہو گئے۔مسافروں نے پاکستان زندہ باد اور پی آئی اے پائندہ باد کے نعرے لگائے ۔