پاک افغان سرحد پر تجارتی ٹرکوں کی آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت

اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے دونوں ممالک کے درمیان ایک دوسرے کے ٹرکوں کی آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دےدی ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ21 مارچ 2022 سے دونوں ممالک کے ٹرک سرحد کے آر پار جاسکیں گے یہ نقل و حرکت عارضی داخلہ کی دستاویزات ٹی اے ڈی کے ذریعے ہو سکے گی ۔انہوں نے کہا کہ افغان ٹرانسپورٹرز کابل میں پاکستانی سفارت خانہ اور قندھار میں قونصل خانہ سےاجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹرانسپورٹرز پشاور اور کوئٹہ کے قونصل خانوں سے عارضی اجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں، یہ ایک تاریخی پیشرفت ہے۔ مشیر تجارت نے کہا کہ اس سے ہمارے تجارتی تعلقات افغانستان، وسطی ایشیا اور اس سے بھی آگے تک بڑھیں گے ۔