حکومت خصوصی افراد کی فلاح وبہود کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے، ثمینہ علوی

ملتان:خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے منگل کو تعلیم یافتہ خصوصی بچیوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔یہ تقریب معذورافراد کے لیے خصوصی وہیل چیئر تیار کرنے والی تنظیم سوسائٹی فار سپیشل پرسنز کے زیراہتمام منعقد ہوئی۔لیپ ٹاپ حاصل کرنے والی مختلف بچیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ یہ بچیاں ان لیپ ٹاپس کے ذریعے آن لائن کام کرکے اچھا روزگارکماسکتی ہیں اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں تعلیم یافتہ نوجوان آن لائن کام کے ذریعے اربوں روپے کما رہے ہیں چونکہ انٹرنیٹ کی وجہ سے دنیا سکڑچکی ہے۔ثمینہ علوی نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت مختلف معذوریوں کا شکارافراد کی فلاح وبہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے بچیوں سےان کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر خصوصی افراد اور مختلف غیرسرکاری تنظیموں کے نمائندے،سوشل ویلفیئر ادارے کے افسران بھی موجود تھے ۔ ثمینہ علوی کو معذور افراد کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔قبل ازیں انہوں نے وہیل چیئر تیارکرنے والے یونٹ کادورہ کیا جو سوسائٹی فارسپیشل پرسنز کے زیرانتظام کررہا ہے۔انہوں نے اس یونٹ میں کام کرنے والے خصوصی افراد کی صلاحیتوں کو سراہا۔یونٹ میں کام کرنے والے تمام خصوصی کارکن عوام کے لیے ان کی ضرورت کے مطابق وہیل چیئرز تیار کرتے ہیں۔سوسائٹی فار سپیشل پرسنز کے زیراہتمام چلنے والا یہ ادارہ بچیوں کوانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شارٹ کورسز بھی کروا رہاہے ۔محترمہ ثمینہ علوی نے اس موقع پر 22خصوصی بچیوں میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔مستفید ہونے و الی تمام بچیوں نے اسی ادارے سے آئی ۔ٹی ٹریننگ حاصل کی ہے۔لیپ ٹاپس حاصل کرنے والی بچیوں نے خاتون اول کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کااظہارکیا کہ ہم لیپ ٹاپس کی بدولت اپنے معاشی مسائل کو آسانی سے حل کرسکیں گی۔قوت گویائی سے محروم بچیوں کی خوشی دیدنی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں عموماً نظرانداز کردیا جاتاتھا لیکن ہم خاتون اول محترمہ ثمینہ علوی کاخصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے لیپ ٹاپ فراہم کیے۔اس موقع پر سوسائٹی کی چیئرپرسن زاہدہ حمید قریشی ، ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ مریم ملک، تارے زمین پر کی سی ای او فادیہ کاشف اور دیگر حکام بھی موجودتھے