آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، بھارت کی تمام تر سازشیں ناکام ہوگئیں ،شیخ رشید احمد

راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا پوری قوم کے لیے اعزازکی بات ہے ،مہمان ٹیم کو بھرپور عزت اورمکمل تحفظ فراہم کریں گے ،آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو تمام سہولیات دیں گے اور ان کے لئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے ، بھارت کی تمام تر سازشیں ناکام ہوگئیں ،سب ٹیمیں پاکستان آئیں گی،نیوزی لینڈ ٹیم بھارتی سازش کا شکار ہوئی۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے دورے کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انڈیا کے لوگ اس دورے سے خوش نہیں ہیں،پاکستانی قوم نے ٹیم کو خوش آمدید کہا ہے ، کرکٹ بورڈ، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پوری قوم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ، ہندوستان نے کل مذموم حرکت کی ہے،چھوٹے سے چھوٹے دیہات میں بھی کرکٹ کھیلی جاتی ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کرکٹ سٹیڈیم اور فائیو اسٹار ہوٹل بنایا جائے گا ، دنیا کا ماڈرن سٹیڈیم اور فائیو سٹار ہوٹل بنا رہے ہیں،سی ڈی اے کو ہدایات دی ہیں کہ فوری طور پر کرکٹ سٹیڈیم اور فائیو سٹار ہوٹل کا ٹھیکہ دیا جائے ۔صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ بھارت کچھ نہیں کرسکتا کیونکہ آسٹریلوی عوام جانتے ہیں کہ پاکستانی قوم کرکٹ اور آسٹریلوی عوام سے محبت کرتی ہے اور ہم ان کے شکر گذار ہیں کہ بھارت کی تمام تر ریشہ دوانیوں کے باوجود آسٹریلوی ٹیم پاکستان میں موجود ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم آسٹریلوی ٹیم کو بھرپور عزت اورمکمل تحفظ فراہم کریں اور یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں ہر قسم کی سہولیات اور مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے سٹیڈیم میں سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات کیں ۔اس موقع پر آفیشلز نے وفاقی وزیر داخلہ کو کرکٹ میچ کے دوران سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات بارے بریفنگ بھی دی