وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین سے یو این ڈی پی کے نمائندے کی ملاقات

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار اور جامع ترقی پر خصوصی توجہ کے ساتھ دیرینہ ڈھانچہ جاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے مختلف شعبوں میں اصلاحا ت متعارف کرانے کے لئے پرعزم ہے، زراعت، پیداوار اور کاروبار کی ترقی کے لئے قرضے جاری کئے جا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یو این ڈی پی کے نمائندے کنیوٹ اوسبی سے ملاقات میں کیا۔یو این ڈی پی کے نمائندے نے احساس، کامیاب پاکستان پروگرام (کے پی پی) کے نفاذ کے لئے حمایت جاری رکھنے اور پائیدار ترقی کے لئے پاکستان کی کوششوں میں مدد کے لئے مزید شعبوں کی تلاش کے لئے یو این ڈی پی کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں اسسٹنٹ ریذیڈنٹ نمائندہ یو این ڈی پی عمارہ درانی، سینئر ٹیکنیکل ایڈوائزر یو این ڈی پی برائے فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ ہارون شریف، پالیسی اینالسٹ یو این ڈی پی عمر اخلاق اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔یو این ڈی پی کے نمائندے کنیوٹ اوسبی نے کہا کہ ان کا ادارہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لئے کثیر جہتی تعاون اور نجی شعبے کے ساتھ مشغولیت سے ایس ڈی جیز کا حصول آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہر ایک کے لئے ترقی‘‘ یو این ڈی پی کے ترقیاتی ایجنڈے کا بنیادی مرکز ہے، انہی خطوط پر یو این ڈی پی پاکستان کے نجی شعبے میں پائیدار سرمایہ کاری کے امکانات پر توجہ دے رہا ہے۔ وفد نے وزیراعظم کے ’’پائیدار انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری‘‘کے مقصد پر بھی روشنی ڈالی اور اس سلسلے میں موجودہ حکومت کی کوششوں کو سراہا۔یو این ڈی پی کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے موجودہ حکومت کی جانب سے جاری معاشی چیلنجز اور متعلقہ اصلاحاتی منصوبوں کے بارے میں ایک جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان پائیدار اور جامع ترقی پر خصوصی توجہ کے ساتھ دیرینہ ڈھانچہ جاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ زراعت، پیداوار اور کاروبار کی ترقی کے لئے قرضے جاری کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بکھری ہوئی صنعتیں، مڈل مین کی طرف سے ناجائز منافع، منڈیوں تک کسانوں کی براہ راست رسائی، سرمائے اور مالیاتی ثالثی تک رسائی جیسے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ان شعبوں میں یو این ڈی پی کی کسی بھی مدد کا خیرمقدم کیا جائے گا۔کنیوٹ اوسبی نے موجودہ حکومت کی طرف سے سماجی اور اقتصادی شعبوں میں بہتری کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور ان کی حمایت کی۔ انہوں نے احساس، کامیاب پاکستان پروگرام (کے پی پی) کے نفاذ کے لئے حمایت جاری رکھنے اور پائیدار ترقی کے لئے پاکستان کی کوششوں میں مدد کے لئے مزید شعبوں کی تلاش کے لئے یو این ڈی پی کے عزم کا اعادہ کیا۔