پاکستان اور افغانستان کی باہمی تجارت اور پیدل آمدورفت میں بتدریج اضافہ ہواہے ، محمد صادق خان

اسلام آباد:افغانستان کے لئے پاکستان کے خصوصی نمائندہ محمد صادق خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی باہمی تجارت اور پیدل آمدورفت میں بتدریج اضافہ ہواہے ،گزشتہ روز دونوں ممالک کے درمیان 22 ہزار سے زائد شہریوں اور 1585 ٹرکوں کی آمدورفت ہوئی ۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان شہریوں اور ٹرکوں کی آمدورفت کے حوالے تفصیلات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان سے 12 ہزار 132 افراد افغانستان میں داخل ہوئے جبکہ 10 ہزار 553 افراد پاکستان آئے،گزشتہ روز دونوں ممالک کے درمیان مجموعی طور پر 1585 ٹرکوں کی آمدورفت ہوئی، 708 ٹرکوں کے ذریعے سامان افغانستان بھیجوایا گیا جبکہ 568 ٹرکوں کے ذریعے سامان افغانستان درآمد کیا گیا،اس کے علاوہ 61 ٹرانزٹ ٹرک بھی افغانستان گئے،2 ٹرانزٹ ٹرک اور 246 خالی ٹرک پاکستان میں داخل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز طورخم کراسنگ پوائنٹ پر 15 افغان مریضوں علاج کرنے کے بعد انہیں واپس افغانستان بھیجوایا گیا جبکہ 138 مریضوں کو علاج کے لئے پاکستان آنے کی اجازت دی گئی،اس کے علاوہ کراسنگ پوائنٹس پر 590افراد کو کورونا ویکسین بھی لگائی گئی۔