تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں ڈیڈ لاک ہے، شیخ رشید احمد

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں ڈیڈ لاک ہے،اپوزیشن ملک میں انتشارپھیلانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن انہیں بالآخر شکست کا سامنا کرنا پڑے گا،حکومت اپوزیشن کے لانگ مارچ کے شرکا کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی ،حکومت کو اپنے اتحادیوں پر مکمل اعتماد ہے۔ وزارت داخلہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تحریک عدم اعتماد لانے کے منصوبے ناکام ہوں گے کیونکہ وہ سب اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن ملک میں انتشارپھیلانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن انہیں بالآخر شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپوزیشن کے لانگ مارچ کے شرکا کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی اور انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جو لوگ محاذ آرائی کا سوچ رہے ہیں وہ اپنی سیاسی قبر خود کھودیں گے، یہ لوگ عوامی مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنے اتحادیوں پر مکمل اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو میں حکومت کو چیلنج کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ جماعتیں جو ماضی میں ایک دوسرے کے خلاف تھیں، آج ایک دوسرے کو دعوتیں دے رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 24 سال بعد آسٹریلوی ٹیم پاکستان میں آئی ہے اور حکومت نے دورہ کرنے والی ٹیم کوسربراہ مملکت کی سیکیورٹی فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے شرمندگی چھپانے کیلئے ہارنے کے باوجود اپنے ونگ کمانڈر ابھینندن کو نوازا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کو کامیاب قرار دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلح اور سول فورسز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے 13 پاسپورٹ دفاتر قائم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد پولیس کی کارکردگی سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔انہوں نے نورمقدم کیس میں مثالی تحقیقات پر اسلام آباد پولیس کی تعریف کی۔پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی صحت سے متعلق ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔