پاکستان کی تعمیر میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا اور تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے، پاکستان کی تعمیر میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا ہے، صحت مند خواتین صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتی ہیں، بھارتی شہری مسکان خان نے اپنے حق کیلئے شاندار بہادری اور جرأت دکھائی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن لیڈرز ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو حقوق کی آزادی دی، تحریک پاکستان میں خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، قائداعظم محمد علی جناح نے مادر ملت فاطمہ جناح کے ساتھ مل کر سیاست میں بڑا کام کیا، یہ ان کا قوم کیلئے پیغام تھا، بابائے قوم بھی خواتین کے سیاسی و معاشی کردار کے سرگرم حامی تھے، انہوں نے کہا کہ دنیا میں کام کرنے والی خواتین اپنے خاندان کیلئے قربانیاں دیتی ہیں، اب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے باعث خواتین اپنے گھر میں رہ کر کام اور خاندان کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں، ان خواتین کو ہنرمند بنانے اور کام کرنے کیلئے سازگار ماحول مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی واقعہ سے متعلق شہریوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں محتسب انسداد ہراسیت کام کر رہا ہے، وہاں بہت کم کیسز آتے ہیں کیونکہ خواتین کسی بھی واقعہ کی رپورٹ کرنے سے گھبراتی ہیں، اس معاملہ پر مباحثہ ہونا چاہئے، معاشرے میں مباحثہ سے آگاہی بڑھے گی، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماں اور بچہ غذائی قلت کا شکار ہوتے ہیں، صحت کمزور ہو گی تو خاتون کمزور ہو گی اور اس سے پورا خاندان متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان لیڈرز خواتین کا فرض ہے کہ وہ عوام میں آگاہی پیدا کریں، میڈیا کا بھی اس حوالہ سے اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند خواتین صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتی ہیں، ملک میں ایسے ڈرامے دکھانے چاہئیں جس میں معاشرے میں خواتین پر تشدد کی حوصلہ شکنی اور ان کی عزت و احترام پر توجہ مرکوز کی گئی ہو، خواتین کی ترقی سے ہی معاشی ترقی جڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کرنا چاہتا ہے تو خواتین بااختیار اور تعلیم یافتہ بنانا ہو گا۔ تقریب سے ہم ٹی وی کی صدر سلطانہ صدیقی نے بھی خطاب کیا۔