سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید

راولپنڈی:شمالی وزیر ستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گرد ہلاک کردیئے جبکہ ایک سپاہی شہید ہوگیا،دوران آپریشن اسلحہ اور گولہ بارود برآمد بھی کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلہ میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ سپاہی شبیر نے جام شہادت نوش کیا۔آپریشن میں مارے جانے والے دہشت گردوں میں عبدالرحمان، وحیداللہ،حبیب نواز عرف شکیل اورمحمداللہ شامل ہیں،جبکہ مارے جانے والے پانچویں دہشت گرد کی شناخت کاعمل جاری ہے،ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔یہ دہشت گردٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان جیسی وارداتیں بھی کرتے تھے۔دوسری جانب فوج کے محکمہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کےخاتمے کے لئے پرعزم ہے،بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزائم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔