عثمان ڈار سے بیرسٹر محمد علی سیف کی ملاقات،قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کئی تجاویز پر غور

پشاور:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف سے پشاور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا میں نوجوانوں سے متعلق منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں ترقی کی دوڑ میں آگے لانے اور مالی و اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر ضم شدہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے کئی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت اب تک 33 ارب روپے تقسیم کر چکے ہیں اور یہ پروگرام نوجوانوں کو ترقی کی دوڑ میں آگے لانے میں مددگار ثابت ہوا ہے کیونکہ اس کی بدولت ملک بھر میں اب تک 50 ہزار روزگار کے مواقع فراہم کیے جا چکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے اڑھائی ارب قرضہ جات تقسیم کیے جا چکے ہیں، صوبے میں قریباً 4 ہزار روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں، اب تک خیبرپختونخوا میں 246 خواتین نے قرضے حاصل کیے ہیں اور اپنا روزگار شروع کیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں 500 نوجوانوں کو قرضے دیئے جا چکے ہیں جبکہ پشاور ہی میں 1000 نوکریاں کامیاب جوان پروگرام کے تحت شروع کی جا چکی ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ نوجوان خود روزگاری کی جانب راغب ہو رہے ہیں اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نوجوانوں کو بااختیار اور مالی طور پر مستحکم بنا رہی ہے اور اس سلسلے میں کئی پروگرام شروع کیے جا چکے ہیں۔خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کو ترقی کی دوڑ میں آگے لانے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے میں نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل ہائی ٹیک زون، آئی ٹی پارکس بنا رہے ہیں تاکہ وہ ہنرمند ہوں اور آئی ٹی کے شعبہ میں ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کریں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام حقیقتاً نوجوانوں کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔