انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں، وفاقی وزیر امین الحق

کراچی:وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لئے انقلابی اقدامات کررہے ،اس شعبے کی اہمیت کو ہر سطح پر ترجیح دینا ضروری ہے ، جب ڈیجیٹل دنیا کی بات کی جائے تو اس حقیقت کا اعتراف بھی ضروری ہے کہ ماضی میں ہم نے آئی ٹی کے شعبے کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی، وزارت ملنے کے بعد اپنی اولین ترجیحات میں ملک بھر میں سیاسی و علاقائی امتیاز سے بالاتر ہوکر موبائل رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی، جامعات و اکیڈمیز کے ساتھ مل کر آئی ٹی تربیت و جدید علوم سے آگاہی سمیت مختلف اقدامات کو شامل کیا ، آئی ٹی خدمات کی برآمدات بڑھانے کیلئے عملی کوششوں کے نتیجے میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےمحمد علی جناح یونیورسٹی میں سام سنگ انوویشن پروگرام کے اختتامی سیشن اور آئی بی ای سی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرماہرین تعلیم ڈاکٹر سجاد حسین، قاضی نعمان،عماد علی بگھیو، ڈاکٹر امبر میر، آصف ارشد، محمد نواز اور عبداللہ فیروز سمیت اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ وفاقی وزیر نے 50 ممالک کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد وصی کو گولڈ میڈل دیا۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے دور دراز کے مقامات میں ڈھائی کروڑ افراد کو کنکٹیوٹی فراہمی کیلئے 44 ارب روپے سے 49 پراجیکٹس شروع کئے جن میں سےصرف سندھ کیلئے 12 ارب روپے سے زائد کے پراجیکٹس بھی شامل ہیں۔اسی طرح ملک میں کم قیمت تھری و فورجی اسمارٹ فونز کی تیاری کیلئے تمام بنیادی اقدامات و پالیسی کو حتمی شکل دیتے ہوئے اس انڈسٹری کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو پیپر لیس کرنے کے بعد جلد ہی قومی اسمبلی و سینٹ کو بی پیپرلیس کردیا جائے گا، واٹس ایپ طرز پر جدید و محفوظ بیپ پاکستان ایپلی کیشن تیار کرلی گئی ہے جس کی آزمائش کا مرحلہ طے ہونے کے بعد ابتدا میں سرکاری ملازمین اور بعد ازاں عوام کیلئے اسے لانچ کردیں گے۔ امریکہ کے 911 طرز پر ایمرجنسی ریسپانس سینٹر تشکیل دے رہے ہیں صرف ایک نمبر ڈائل کرنے سے پولیس، فائر بریگیڈ، ایمبولینس سمیت تمام ایمرجنسی سروسز مہیا ہوسکیں گی۔سید امین الحق کا کہنا تھا کہ فائیو جی لانچ کرنے کیلئے تمام ابتدائی مراحل طے کرلیئے گئے ہیں 2023 فائیو جی کا سال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آج کا نوجوان نوکری مانگنے کہیں نہیں جائے بلکہ اسے آئی ٹی کے شعبے میں وہ تربیت حاصل ہوکہ وہ خود اپنا کام بھی شروع کرے اور دوسروں کو نوکریاں فراہم کرنے کا سبب بھی بنے،ہمیں خوشی ہے کہ فری لانسرز اس ضمن میں اپنا موثر کردار نبھا رہے ہیں۔قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں محمد علی جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر زبیراحمد شیخ نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی سندھ کی رینکنگ میں اول نمبر پر ہے، سام سنگ کے تحت آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیٹا سائنسز کی تربیت یونیورسٹی میں فراہم کی گئی، سام سنگ جامعہ کے 30 کامیاب طلبہ کو ملازمتیں بھی فراہم کرے گا،انہوں نے اس موقع پر سیپٹک کے تعاون سے محمد علی جناح یونیورسٹی کے لیئے 5 اسکالر شپس کا بھی اعلان کیا۔