پاکستان میں تمام اجتماعات ، جلوس ، مارچ ، کانفرنسوں کیلئے ضابطہ اخلاق مقرر ہے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد:وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اجتماعات ، جلوس ، مارچ ، کانفرنسوں کیلئے ضابطہ اخلاق مقرر ہے ، عورت مارچ کے منتظمین کو بھی اسی ضابطے کی پابندی کرنی چاہیے ۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مولانا نعمان حاشر ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا اسلم صدیقی ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا پیر اسعد حبیب شاہ جمالی ، مولانا عبید اللہ گورمانی ، مولانا زبیر عابد اور دیگر کے ہمراہ ایک بیان میں کہا کہ اس سال عورت مارچ کے منتظمین سے حکومت کو واضح طور پر یہ بات تسلیم کروانی چاہیے کہ وہ پاکستان کے آئین، دستور، قانون، پاکستان کی اقدار ، شریعت اسلامیہ اور پاکستان کے عوام کے جذبات اور احساسات کا خیال رکھیں گے، پاکستان علماء کونسل اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان میں جس طرح تمام جماعتوں کے اجتماعات ، کانفرنسوں اور مارچز کیلئے ضابطہ اخلاق مقرر ہے اسی طرح عورت مارچ کیلئے ضابطہ اخلاق مقرر ہونا چاہیے اور اس سلسلہ میں حکومت اور مارچ کے منتظمین کے درمیان واضح طور پر یہ بات طے ہونی چاہیے تا کہ کسی بھی قسم کے انتشار اور فساد کا خدشہ پیدا نہ ہو۔