فن و ثقافت کا تحفظ اولین ترجیح ہے، بیگم ثمینہ علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ و خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ فن و ثقافت کا تحفظ اولین ترجیح ہے، بہبود، فن و ثقافت و کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہبود کیفے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بہبود بہترین انداز میں کام کر رہا ہے، ناپید ہونے والے فن و ثقافت کو محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، ہمارے ملک میں مرد و خواتین میں فن و ثقافت سے متعلق وسیع صلاحیتیں موجود ہیں، جن کا وہ مختلف طریقوں سے اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہبود ملک میں فن و ثقافت کے تحفظ اور فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بہبود کی صدر عابدہ ملک نے بہبود کی کارکردگی اور کام سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ 1969ء سے سید پور گائوں میں تعلیم، صحت سمیت دیگر شعبوں اور فلاحی کاموں میں بھرپور حصہ لے رہا ہے، بہبود کے تحت مقامی رہائشیوں کو صحت، تعلیم، سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، قدیمی ورثہ دستکاریوں کو محفوظ بنایا جا رہا ہے،یہ ادارہ خود انحصاری کے تحت کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بیگم ثمینہ علوی کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہا۔ اس موقع پر بچوں نے ٹیبلو پیش کیا جسے بیگم ثمینہ علوی نے بے حد سراہا ،انہوں نے بہبود کیفے کا افتتاح بھی کیا۔