پاکستان اورافغانستان کا مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ ہے، پیر نور الحق قادری

اسلام آباد:وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کا مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ ہے، افغانستان کے خلاف بات کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے اور افغانستان کی زمین پر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والے افغانستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، وزیرا عظم عمران خان کے دورہ چین کے ایجنڈے میں افغانستان کی صورتحال سرفہرست تھی، وزیراعظم نے افغانستان کے لئے او آئی سی کا پلیٹ فارم متحرک کر کے تاریخی اقدام کیا ہے۔ مسلم ہینڈز کی طرف سے افغان عوام کے ریلیف کے لئے 20 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کے قافلے کی روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان عوام کے لئے 20 ٹرکوں پر مشتمل انسانی امداد مسلم ہینڈ ز کی طرف سے کوئی نئی بات نہیں۔ انہوں نے ہمیشہ افغانستان میں ہر موقع پر امدادی سرگرمیاں جاری رکھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے اور ہمارا برادر اسلامی ملک ایک اور المیے کی طرف جا رہا ہے ۔ افغانستان میں جہاں دنیا کے دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں وہاں مسلم ہینڈز بھی اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دیگر عالمی این جی اوز اور رفاہ عامہ کے ادارے بھی اس سلسلہ میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام چاہتے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ اور تاریخی روابط ہمیشہ قائم رہیں کیونکہ افغانستان ایک خود مختار اور آزاد ملک ہے۔ وہ اپنے تشخص پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر افغانستان کی صورتحال اولین ایجنڈا تھی کہ کس طرح افغانستان کو المیے سے بچایا جائے۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ افغانستان کا پاکستان کے ساتھ اور پاکستان کا افغانستان کے ساتھ مستقبل وابستہ ہے ، جو بھی افغانستان کے خلاف بات کرتا ہے ہم اسے اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔ اور جو افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بات کرتا ہے وہ افغانستان کا خیر خواہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لئے وزیراعظم عمران خان نے اوآئی سی کا پلیٹ فارم متحرک کرکے تاریخی کردار ادا کیاہے ۔افغانستان کی صورتحال پر پاکستان میں ایک اور او آئی سی کانفرنس کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ مسلم ہینڈ کے چیئرمین سید لخت حسنین ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر ممتاز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔