وزیراعظم کا دورہ چین ہماری توقعات سے بھی زیادہ کامیاب رہا، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ چین ہماری توقعات سے بھی زیادہ کامیاب رہا، سرمائی اولمپک تقریب میں مختصر پاکستانی دستے کا چینی عوام نے جس طرح استقبال کیا اس کی مثال نہیں ملتی، چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے چین اور پاکستان کی سوچ میں یکسانیت ہے، مارچ کے آخری ہفتے چین کا دورہ کروں گا، بیجنگ میں افغانستان کے تمام ہمسایہ ملکوں کا اہم اجلاس ہوگا۔وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے تفصیلی ملاقات ہوئی جبکہ ملاقات میں باہمی تعلقات اور سی پیک منصوبوں پر مفصل گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ اتنی جامع اور مفصل ملاقات پہلے نہیں ہوئی، وزیراعظم عمران خان کی ممتاز چینی کمپنیوں سے 18 سے 20 اہم ملاقاتیں ہوئیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اپنے چینی ہم منصب وانگ ئی کے ساتھ ملاقات میں طے ہوا کہ افغان صورتحال کے حوالے سے مارچ کے آخری ہفتے چین کا دورہ کروں گا، افغان معاملے پر لائحہ عمل طے کرنے کی غرض سے بیجنگ میں افغانستان کے تمام قریبی ہمسایہ ممالک کا بھی اہم اجلاس ہوگا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین افغانستان میں پاکستان کے کردار کا معترف ہے، اس کے علاوہ چین، پاکستان اور افغانستان کے سہ جہتی فریقی گروپ کو دوبارہ فعال کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مودی کے دور حکومت میں مسلمانوں سمیت بھارتی اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر شدید تشویش ہے، وہاں انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے، مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے چین اور پاکستان کی سوچ میں یکسانیت ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت کے ساتھ اقتصادی تعاون کے مزید فروغ سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے چین کے ممتاز تھنک ٹینکس میں پاکستان کے موقف کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی دستے کی سٹیڈیم آمد پر چینی عوام نے جس طرح استقبال کیا اس کی مثال نہیں ملتی، فیصلہ ہوا ہے کہ کامیاب دورہ چین کے نتائج کو یقینی بنانے کیلئے فالو اپ میکنزم بنایا جائے گا۔