رابطہ عالم اسلامی کی اسلام اور مسلمانوں کیلئے جدوجہد قابل تحسین ہے، طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد:چئیرمین پاکستان علماء کونسل ونمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ رابطہ عالم اسلامی کی اسلام اور مسلمانوں کے لیے جدوجہد قابل تحسین ہے ، بین المذاہب مکالمہ اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے رابطہ عالم اسلام پاکستان کے علماء ومشائخ اور حکومت کا موقف ایک ہے ، مثاق مکتہ مکرمہ اور پیغام پاکستان امن سلامتی اخوت محبت اور اسلام کی صحیح ترجمانی ہیں ۔ رابطہ عالمی اسلامی کی مرکزی سپریم کونسل کے اجلاس کےبعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہو ئےحافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلام کا مسلمانوں کی رہنمائی میں اہم کردار ہے، پورا عالم اسلام رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے دینی مسائل پر رہنمائی کو حجت سمجھتا ہے، رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیٰسی نے گزشتہ چند سالوں کےدوران بین المذاہب مکالمہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے حوالہ سے جس طرح مسلم علماء ومشائخ عالم اسلام کی ترجمانی کی ہے وہ قابل تحسین ہے،مثاق مکتہ مکرمہ اور پیغام پاکستان عالم اسلام کے قائدین اور پاکستان کے قائدین کی طرف سے پوری دنیا کے لیے امن اور محبت کا پیغام ہے ۔انہوں نےمزید کہا کہ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو دنیا کے سامنے لانا اور مسلم نوجوانوں کو انتہا پسند اوردہشت گرد تنظیموں کے گمراہ افکار سے بچانا علماء اسلام کی ذمہ داری ہے، مستقبل میں پیغام پاکستان اورمثاق مکتہ مکرمہ کی ترویج واشاعت کے لیے اور عوام الناس تک پہنچانے کے لیے باہمی تعاون سے آگے بڑھیں گے،اسلاموفوبیا بین مسالک رواداری اور بین المذاہب مکالمہ کے مسئلے پر ربطہ عالم اسلامی اور پاکستان کی حکومت اور عوام کا موقف ایک ہے۔یاد رہے کہ آج رابطہ عالم اسلامی کی مرکزی سپریم کونسل کا ورچوئل اجلاس مفتی اعظم سعودی عرب کی سربراہی میں ہوا جس میں سیکٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم العیٰسی مفتی ا عظم متحدہ عرب امارات وزیر اوقاف اور مفتی اعظم شیشان اور پاکستان سے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سمیت دنیا اسلام کے اہم ترین علماء ومشائخ اور قائدین نے شرکت کی ۔