پاک افغان بارڈر پر دہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے 5 جوان شہید

راولپنڈی: پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی سیکورٹی فورسز پر فائرنگ سے سرحد پر تعینات 5 جوان شہید ہو گئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے دہشتگردوں کے بزدالانہ حملے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے ضلع کرم پر پاک افغان بارڈر پر سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا ہے۔ پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے 5 سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ شہید ہونے والے جوانوں میں لانس نائیک عجب نور ، سپاہی ضیاءاللہ ، سپاہی ناہید اقبال ، سپاہی سمیر اللہ ، اور سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ امید ہے افغانستان کی عبوری حکومت ایسی سرگرمیوں کو مستقبل میں روکے گی۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کو دہشتگردوں سے محفوظ رکھنے کےلیے پرعزم ہے۔ بہادر جوانوں کی قربانیوں نے ہمارے عزم کو مزید مستحکم کردیا ہے۔