کشمیری عوام پر بھارت کے جبر اور نسل کشی نے ہمیں ہٹلر کے مظالم کی سیاہ تاریخ کی یاد دلا دی ہے،حافظ طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد:وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم، مسلح افواج اور حکومت حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کی حمایت کر رہی ہے۔ پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان میں بسنے والے لوگ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منا ئی تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض افواج کے مظالم کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔طاہر محمود اشرفی نے بھارتی افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کی جعلی مقابلوں میں ہلاکتوں اور ان کی نسل کشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں،مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ کئی دہائیوں سے حل طلب ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنی خاموشی توڑ کر قابض افواج کے ظلم کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کی اکثریتی مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، کشمیری عوام پر بھارت کے جبر اور نسل کشی نے ہمیں ہٹلر کے مظالم کی سیاہ تاریخ کی یاد دلا دی ہے۔