سکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان میں آپریشن، دہشتگرد اللہ نوراور 4 سہولت کار گرفتار

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگرد اللہ نور اور 4 سہولتکاروں کو گرفتار کرلیا، دہشتگرد اللہ نور برقع میں فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، گرفتار4 افراد اسلحہ، گولہ بارود درہ آدم خیل منتقل کررہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا،

آپریشن سرواکئی کے علاقے میں کیا گیا، آپریشن کے دوران دہشتگرد اللہ نور کو گرفتار کرلیا گیا، دہشتگرد اللہ نور برقع میں فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں، اسلحہ، دستی بم برآمد کیے گئے۔اسی طرح سیکیورٹی اداروں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں ایک اور کارروائی کی، خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی میں ایم 16 رائفلز، اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔اسلحہ، گولہ بارود درہ آدم خیل منتقل کرنے والے 4 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔