مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم ،بھارتی آرمی چیف اوروزیر داخلہ امیت کی گرفتاری کا مطالبہ

لندن:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کیخلاف برطانیہ میں بھارتی آرمی چیف اور وزیر داخلہ کی گرفتار ی کیلئے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا.تفصیلات کے مطابق لندن میں موجود ایک لا فرم نے برطانوی پولیس کو درخواست دی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں مبینہ جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر بھارتی آرمی چیف اور حکومتی عہدیدار کو گرفتار کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق سٹوک وائٹ نامی لا فرم نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اس کی جانب سے میٹروپولٹن کے وار کرائم یونٹ کو دستاویزی ثبوت بھی فراہم کیے گئے ہیں کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل منوج میوکند نروانے اور وزیر داخلہ امیت شاہ تنظیموں کے کارکنوں، صحافیوں اور عام شہریوں کے اغوا، ٹارچر اور قتل میں کیسے ملوث ہیں۔لا فرم کی رپورٹ ایسی 2000 شہادتوں پر مشتمل ہیں جو 2020 اور 2021 کے درمیان اکٹھی کی گئی ہیں۔اس میں 8ایسے فوجی حکام پر بھی الزامات لگائے ہیں، جن کے نام نہیں بتائے گئے تاہم ان پر مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم اور تشدد میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔