تعلیم کے شعبے کو فروغ دے کر ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ موجودہ نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے انہیں ملک کا کارآمد شہری بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،تعلیم کے شعبے کو فروغ دے کر ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم تعلیم کے موقع پر کیا جو ہر سال اقوام متحدہ کے زیر اہتمام 20 جنوری کو پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تعلیم انسان کو عقل و شعور فراہم کرتی ہے اور انسان کو باکردار بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی کا ضامن ہوتی ہے اور تعلیم یافتہ معاشرہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلیم ہی ہے جو انسان کو پستیوں سے نکال کر آسمان کی بلندیوں پر پہنچا دیتی ہے اور جس کی بدولت انسان چاند پر پہنچ گیا ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم حاصل کروائیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک کا ایک کارآمد شہری بن سکیں۔سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے اور ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کا نفاذ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی سے ہم آہنگ نصاب طالبِ علموں میں مثبت تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوگا۔حکومت کے ہر شہری کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے ویژن کے عین مطابق یکساں نصابِ تعلیم طبقاتی فرق کو ختم کرنے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے شعبے کو فروغ دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم دے کر ہی ایک پڑھا لکھا معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے جو ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یکساں تعلیمی نصاب کہ ذریعہ لوگوں کے اندر مثبت سوچ پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم کی طرف سے نافذ کردہ یکساں تعلیمی نصاب معاشرے کی ترقی میں بہت سودمند ثابت ہوگا۔