عوام کو حفظان صحت کے مطابق دودھ سمیت خوردنی اشیاء کی فراہمی کی ضرورت ہے، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام کو حفظان صحت کے مطابق دودھ سمیت خوردنی اشیاء کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیاری مصنوعات کی تیاری اولین ترجیح ہونی چاہئے، حکومت نے لائیو سٹاک اور ڈیری کے شعبہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی پر بھی توجہ دینا ہوگی، آبادی میں اضافہ کے پیش نظر زرعی پیداوار بڑھانا ناگزیرہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”محفوظ دودھ پر قومی مکالمہ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب میں وفاقی وزیر سیّد فخر امام، خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیئرمین عمر تنویر اور پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کی صحت کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرسکتے، دودھ اور ڈیری مصنوعات کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دودھ پیدا کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے، ڈیری کے شعبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور لوگوں کو محفوظ اور صحت بخش دودھ کی فراہمی کیلئے اقدامات کو مربوط بنانے کی ضرورت ہے، دودھ کو محفوظ بنانے کیلئے بہت سے طریقے رائج ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی مکالمہ سے خطاب ان کے لئے باعث اعزاز ہے، آبادی زیادہ ہو تو حکومت کی کئی ترجیحات ہوتی ہیں، بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی پر بھی توجہ دینا پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافہ کی وجہ سے زرعی پیداوار بڑھانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لائیو سٹاک اور ڈیری کے شعبہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کی تجاویز پر غور کریں گے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملاوٹ ایک خراب کیفیت ہے، معیاری اور ملاوٹ سے پاک اشیاء کی لوگوں کو فراہمی ناگزیر ہے، بچوں کی سٹنٹنگ اور خوراک کی کمی کے مسئلہ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ماں کا دودھ سب سے محفوظ اور ضروری ہے، بچوں کو جب مناسب غذا نہیں ملے گی تو ان کا وزن نہیں بڑھے گا، دودھ ان کیلئے ایک مکمل غذا ہے، بچے کیلئے ماں کے دودھ سے بہتر کوئی خوراک نہیں ہے، بہتر صحت کیلئے احتیاط اور پرہیز پر توجہ دینا ضروری ہے۔صدر نے کہا کہ اس مقصد کیلئے عوام کو آگاہی دی جانی چاہئے، ملک میں چھاتی کے سرطان کے بارے میں بھی مختلف پروگراموں سے لوگوں کو آگاہی دی گئی، ہم احتیاط کے ذریعے بیماریوں کا تدارک کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبہ کو فروغ اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے مقامی سطح پر جانوروں کی افزائش پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سیّد فخر امام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور انہیں خوراک کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم عمران خان زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبہ کو اہمیت دے رہے ہیں،انہوں نے اپنی گذشتہ دو بجٹ تقریروں میں زراعت کے شعبہ کو اپنی ترجیح قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں لائیو سٹاک کے شعبہ پر بھرپور توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ تقریب سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیئرمین عمر تنویر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں اور بالغ افراد کو محفوظ اور توانائی سے بھرپور دودھ فراہم کیا جانا چاہئے۔ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے سیّد مظہر اقبال اور علی احمد خان نے بھی خطاب کیا۔