افغان عوام کی بروقت امداد ضروری ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغان عوام کی بروقت امداد ضروری ہے،افغان قیادت کا انتخاب افغانستان کے عوام کا حق ہے،پاکستان ایک خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔افغانستان بارے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ افغان عوام اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں،امریکی انخلاء کے بعد افغانستان میں عوام کو خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی قلت کا سامنا ہے۔اسپیکرنے کہاکہ افغان عوام کی بروقت امداد ضروری ہے،افغان قیادت کا انتخاب افغانستان کی عوام کا حق ہے،پاک-افغان عوامی رابطوں کے فروغ اور دوطرفہ تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے پاک-افغان فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی گئی، اسپیکرنے کہا کہ ایگزیکٹو کمیٹی نے عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے، دوطرفہ تجارت کو فروغ اور ٹرانزٹ ٹریڈ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں،افغان عوام کو درپیش مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پاکستان کی موجودہ حکومت نے او آئی سی ممالک کی کانفرنس کا انعقاد کیا۔اسد قیصرنے کہا کہ پاک-افغان فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سفارشات پر افغان باشندوں کے لیے پاکستانی ویزے کے اجراء کی شرائط کو آسان بنایا گیا، پاکستان ایک خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عالمی برادری کو افغان عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے مدد کے لیے آگے بڑھنا ضروری ہے،افغان مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پاک-افغان سرحد کے ساتھ ہسپتال قائم کی جارہی ہیں،افغان مریضوں کے ساتھ دیکھ بھال کے لئے آنے والے کو بھی فری ویزہ دیا جائے گا۔