وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سےجمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف کی ملاقات

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےجمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف، لیفٹیننٹ جنرل سکابوے اسیندا فال نے جمعہ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کےدوران ،سفارتی ،سیاسی،اقتصادی، علاقائی اور سلامتی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ براعظم افریقہ میں جمہوریہ کانگو کو ایک کلیدی ملک کی حیثیت حاصل ہے۔وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت کی جانب سے جمہوریہ کانگو کے صدر اور افریقی یونین کے چیئرپرسن فیلکس انتوان شیسکیدی کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور افریقی یونین کیلئے ان کی قیادت اور خدمات کو سراہا اور کانگو میں پرامن جمہوری حکومت کی منتقلی پر مبارکباد دی ۔وزیر خارجہ نے جمہوریہ کانگو کے وزیر خارجہ کرسٹوف آپالا کیلئے دورہ پاکستان کی دعوت کا پیغام دیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، سفارتی حوالے سے “انگیج افریقہ” کی پالیسی پر گامزن ہے،پاکستان علاقائی امن کے حوالے سے کانگو کے کردار کا معترف ہے۔ فریقین کے درمیان دفاع، تربیت، سکیورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ مشن کے تحت جمہوریہ کانگو میں قیام امن کے لئے اپنا کردار جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔جمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل سکابوے اسیندا فال نے کانگو میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستانی فورسز کی خدمات کو سراہا۔