حکومت غریب طبقات پر خصوصی توجہ دے کر فلاحی ریاست کا خواب پورا کر رہی ہے،اسد عمر

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معاشرے کے غریب طبقات پر خصوصی توجہ دے کر فلاحی ریاست کا خواب پورا کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں منگل کو احساس پروگرام کے ون ونڈو آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احساس ون ونڈو آفس کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، وزیرِ صنعت و پیداوار خسرو بختیار، وزیرِ مملکت فرخ حبیب، وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود، وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی اور وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی شرکت کی۔ اسد عمر نے کہا کہ ریاست نے عملی طور پر ماں کا کردار ادا کیا ہے اور جو لوگ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ یہ کردار کیسے ادا کیا جا رہا ہے، انہیں احساس ون ونڈو کا دورہ کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وہ ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست قائم کرنا چاہتے ہیں اور جہاں ذمہ داری معاشرے کے کمزور ترین طبقات کی مدد کرنا ہے۔انہوں نے ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم کو لوگوں کی ضروریات اور ان کی عزت نفس کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکز اور احساس کے دیگر پروگراموں کو تیار کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کی صحت، بچوں کی تعلیم، معاش سے متعلق تمام سہولیات مرکز میں دستیاب ہیں۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ لوگوں کی عزت و احترام کو دیکھتے ہوئے احساس ون ونڈو قائم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ احساس ون ونڈو میں آپ کو ہر سہولت دی جا رہی ہے، بچیوں کے لیے زیادہ وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک بھر میں 37 سو یوٹیلیٹی اسٹورز پر راشن کارڈ شروع کر دیا گیا ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ون ونڈو کا پہلا سینٹر اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احساس سروے اب مکمل ہو گیا، باقی رہ جانے والے یہاں رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں۔ثانیہ نشتر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت غذائی کمی کا شکار بچوں کے لیے خوراک اور نقد رقم بھی دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک احساس تعلیمی وظائف کے تحت 60 لاکھ بچے تعلیمی اداروں میں داخل ہو چکے ہیں۔وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ احساس راشن رعایت کے تحت کریانہ مالک اور یوٹیلٹی سٹورز رعایت دیں گے۔ثانیہ نشتر نے کہا کہ یکم مارچ سے احساس پروگرام کی 12 ہزار والی رقم 13 ہزار ہو جائے گی۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ 37 سو یوٹیلٹی سٹورز پر لوگوں کو اشیاء دی جائیں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ احساس پروگرام کے تحت کم آمدن والے افراد کو کم قیمت پر اشیاء ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پوری دنیا کووڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا کے اثرات کی وجہ سے مہنگائی کی زد میں ہے،حکومت نے ‘راشن ریاض’ پروگرام شروع کیا تھا جو 3700 یوٹیلٹی سٹور آؤٹ لیٹس پر کام کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں کو روزمرہ استعمال کی اشیاء کی کم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے 120 ارب روپے خرچ کرے گی۔