پاک فضائیہ کی طرف سے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل جاری

اسلام آباد:پاک فضائیہ کی طرف سے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔پاک فضائیہ کے طیاروں نے 13 پروازوں کے ذریعے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور خوراک کی ترسیل کی۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق فضائیہ کے C-130 طیاروں نے 131,887 پائونڈ سے زائد امدادی سامان جس میں راشن ، پینے کا پانی، ادویات، کمبل اور خیمے شامل ہیں، آفت زدہ علاقے میں پہنچایا۔پسنی میں پی اے ایف ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی پی اے ایف میڈیکل کیمپ پہلے ہی سیلاب سے متاثرہ افراد کو چوبیس گھنٹے طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ مزید برآں پی اے ایف ہیلی کاپٹرز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔