خواتین کو قومی دھارے میں لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اعظم خان سواتی

راولپنڈی:وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہاہے کہ خواتین انٹرپرینیورز معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہیں ، خواتین کو قومی دھارے میں لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملکی معیشت کی ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانے کے اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پاکستان ریلویز کو خسارے سے نکال کر منافع بخش قومی اداروں کی صف میں شامل کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے منگل کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام انٹرنیشنل چیمبرز سمٹ 2022کے موقع پر پانچویں آل پاکستان ویمن بزنس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صدر چیمبر ندیم روف گروپ لیڈر سہیل الطاف نائب صدر طلعت اعوان سابق صدور اسد مشہدی، شاہد سلیم، ایگزیکٹو ممبران، خواتین ممبران اور ملک بھر سے ویمن چیمبرز کی صدور موجود تھیں،یورپی یونین پاکستان کی سفیر مسز اندرولا کامینارہ اور سٹیٹ بنک سے صفیہ حماد نے بھی شرکت کی۔ویمن بزنس کنونشن کے موقع پر صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس ندیم روف نے چیمبر کی سرگرمیوں پر مختصر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ویمن بزنس کنونشن کا مقصد کاروباری خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے اور سفارشات مرتب کرنا ہے تاکہ ان سفارشات کی روشنی میں ویمن انٹرپرینیورز کو درپیش مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے ۔وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی معاشرے میں خواتین اقتصادی ترقی کا انجن ہوتی ہیں، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور بزنس ویمن کو آگے لانے کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہاکہ ویمن بزنس کنونشن کے کامیاب انعقاد پر آر سی سی آئی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔راولپنڈی چیمبر کی ’’ رشوت سے انکار، باعزت کاروبار ‘‘ مہم کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے میں رشوت اور کرپشن پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے ۔اس حوالے سے راولپنڈی چیمبر کی کرپشن کے خلاف مہم کی بھرپور سپورٹ کرتا ہوں