مری آفت زدہ قرار،شدید برفباری سے 19 اموات، پاک فوج طلب

مری : مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی اور 16 سے 19 افراد کی گاڑیوں میں اموات کے بعد سیاحتی مقام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا اورپاک فوج طلب کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کے باعث صورتحال خراب ہونے کے باعث مری کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا اور ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔اس حوالے سے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مری اورگلیات میں بڑی تعدادمیں سیاح آچکے ہیں، کوشش کےباوجوددراستےنہیں کھولے جاسکے تاہم سیاحوں کے انخلا کیلئے سول آرمڈ فورسز کی مدد طلب کرلی ہے، پاک فوج کے 5پیدل پلاٹون طلب کئے گئے ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مری میں سیاحوں کی گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی ہے، مری میں موسم کی خراب صورتحال کے باعث 16سے 19 اموات ہوئی ہیں ، ہنگامی بنیادوں پر ایف سی اور رینجرز کو بھی طلب کرلیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ رات سے ایک ہزار گاڑیاں مری میں پھنسی ہوئی ہیں، مری میں پیدل جانے والوں کا داخلہ بھی بند کررہے ہیں، کچھ پھنسی گاڑیوں کو نکال لیا ہے اور کچھ واپس بھیج دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار15سے20سال بعدسیاح بڑی تعداد میں مری پہنچے، سیاحوں کی بڑی تعداد کے مری پہنچنے سے بحران پیدا ہوا، ایک ہزار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں انہیں نکالا جارہا ہے، ہم سے غلطی ہوئی گاڑیوں کا داخلہ پہلے ہی روک دینا چاہیے تھا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں ریسکیوآپریشن مزیدتیزکرنےکاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پھنسےلوگوں کوبحفاظت نکالنےکیلئے ریسکیو آپریشن تیز کیاجائے اور سیاحوں کی مدد کیلئےتمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔عثمان بزدار نے راولپنڈی اوردیگر شہروں سے اضافی مشینری اورعملہ مری بھجوانے کی ہدایت کردی ہے۔