پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی پرامن تحریک کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ حق خودارادیت انسانی احترام کا بنیادی جزو ہے، عالمی برادری کو بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی پرامن تحریک کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور کشمیری عوام کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی جدو جہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم حق خود ارادیت کشمیر کے موقع پر کیا جو ہر سال 5 جنوری کو منایا جاتا ہے۔سپیکر نے کہا کہ آج کا دن عالمی برادری کو کشمیر سے متعلق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی یاد دہانی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان ( یو این سی آئی پی) نے قرارداد منظور کی تھی جو جموں وکشمیر کے عوام کو اپنا حق خودارادیت استعمال کرنے کے لئے آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے انعقاد کی ضمانت دیتی ہے۔سپیکر نے کہا کہ اقوام متحدہ کو 72 سال قبل کیے گئے اپنے وعدے کا پاس رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت انسانی احترام کا بنیادی جزو ہے، اس حق سے انکار دراصل انسانی آزادی، انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ کے عالمی کنونشنز سے بھی انکار ہے۔ بھارت اس بنیادی انسانی حق کا سب سے بڑا مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کا غیر قانونی قبضہ سے کشمیری عوام تنگ آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں موجودہ صورتحال حالیہ تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا جہاں لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق بشمول اظہار رائے اور ایک جگہ جمع ہونے کے ساتھ ساتھ خود ارادیت کے حق سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔کشمیری عوام کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے اجتماعی سزا دی جا رہی ہے اور خطہ کو دنیا کا سب سے بڑا فوجی زون بنا دیا گیا ہے۔بھارت بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ خطے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں وکشمیر کے لوگوں کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی جدو جہد کی ہرممکن حمایت جاری رکھے گا۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اقوام متحدہ کے ان وعدوں کی یاد دلاتا ہے جس کے تحت 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کی ضمانت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا حق خود ارادیت ان کا جمہوری حق ہے اور پاکستان کشمیریوں کے اس مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کا ان کا حق خود ارادیت ملنے تک جدوجہد جاری رہے گی اور پاکستان ہر پلیٹ فارم پر اس مسلے پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔