پیپلز پارٹی اور ن لیگ کیلئے سکروٹنی کمیٹیاں بن چکی ہیں، اسد عمر

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس فنڈز وصول کرنے کا انتہائی شفاف عمل ہے کیونکہ ہر چیز کو ریکارڈ اور دستاویزی شکل میں رکھا گیا ہے۔منگل کو یہاں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ‏الیکشن کمیشن تاریخی کام کر رہا ہے۔پیپلز پارٹی اور ن لیگ کیلئے سکروٹنی کمیٹیاں بن چکی ہیں۔دونوں بڑی پارٹیوں کے خفیہ اکاؤنٹس نکل رہے ہیں،تحریک انصاف نے شفاف طریقے سے فنڈز اکٹھے کئے۔فنڈنگ کی رپورٹس عوام کے سامنے رکھی جائیں۔انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کی غیر ملکی فنڈنگ ​​سے متعلق بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال الیکشن کمیشن کا تاریخی کام ہے۔ تاہم، انہوں نے زور دیا کہ کمیشن کو اپنا کام انتہائی شفاف اور غیر جانبداری سے کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گر الیکشن کمیشن اپنا کام شفاف اور غیر جانبداری سے انجام دیتا ہے تو اس کے پاکستان کی سیاست پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے بینک اکاؤنٹس کی سکروٹنی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں، اور الیکشن کمیشن پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے بینک اکاؤنٹس کی رپورٹس کا بھی جائزہ لے۔اسد عمر نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے خفیہ اکاؤنٹس کی ایک بڑی تعداد ہے اس کے علاوہ جعلی افراد کے نام سے منسوب دوسرے اکاؤنٹس بھی ہیں جیسے کہ “فالودہ والا یا ریڑھی والا”۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان جماعتوں کے سیاسی رہنما ایک دوسرے کے خلاف الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی رہنما بے نظیر بھٹو شہید کو یاد کیا جب انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف نے کالعدم تنظیم سے پارٹی فنڈنگ ​​حاصل کی۔اسد عمر کا موقف تھا کہ تینوں سکروٹنی کمیٹیوں کی رپورٹس سامنے آنی چاہئیں اور انہیں ایک ساتھ پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب رپورٹیں پیش کی جائیں گی تو قوم دیکھے گی کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو فنڈز جمع کرنے کے انتہائی شفاف طریقے پر عمل پیرا ہے