آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں یونان کے سفیر کی الوداعی ملاقات

راولپنڈی:چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں یونان کے سفیر اینڈریاس پاپاستاورو نے جی ایچ کیو میں الوداعی ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی موجودہ صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور افغان عوام کے مستحکم اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے افغانستان پر عالمی اتحاد کی ضرورت اور انسانی بحران کو روکنے کے لئے مخلصانہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔آرمی چیف نے پاکستان میں یونان کے سفیر کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا۔انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لئے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لئے کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔