ملک میں امن کا قیام قوم کی قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا ہے، اسد قیصر

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سب کے لیے انصاف کی فراہمی کے نظریے کے تحت وجود میں آئی ہے،سماجی و اقتصادی انصاف مہیا کئے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کے لئے امن، رواداری اور ہم آہنگی نظریہ پاکستان کا بنیادی جزو ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی آر آئی) انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام ’’امن سازی، قومی یکجہتی، سماجی اور بین المذاہب ہم آہنگی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں امن کا قیام قوم کی قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا ہے اور کسی کو بھی ملک میں امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ پیغام پاکستان ہر پاکستانی کے لیے امن اور ہم آہنگی کا پیغام ہو۔انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں پیغام پاکستان کے لئے مرکز قائم کرنے پر آئی آر آئی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق ڈائریکٹر جنرل آئی آر آئی نے شرکاء کو پیعام پاکستان کی نمایاں کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اسپیکر اسد قیصر کی آئی آر آئی کی کاوشوں کی حوصلہ افزائی اور کانفرنس میں شرکت کو بھی سراہا۔بعد ازاں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین آلمذاہب ہم آہنگی مولانا طاہر محمود اشرفی اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور پاکستان میں قازقستان کے سفیر نے بھی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔