پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھے گا، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، بھارت نے بے گناہ لوگوں کے خلاف دہشت گردی کا راج شروع کر رکھا ہے اور کئی دہائیوں سے انہیں ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھے گا۔ صدر مملکت نے یہ باتیں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان کے اصل چہرے کو تمام بین الاقوامی فورمز پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے، جو بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے بے گناہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتی گروہوں کے ماورائے عدالت قتل، تشدد اور قید میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکے اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھے گا۔صدر نے اس حقیقت پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت اقلیتی گروہوں بالخصوص مسلمانوں اور عیسائیوں پر ظلم کر رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور اس کے جارحانہ انداز سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔صدر مملکت نے پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ کی کانفرنس کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کو انتہائی کامیاب قرار دیا جس نے دنیا کی توجہ افغانستان کی سنگین انسانی اور معاشی صورتحال کی طرف مبذول کرائی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ کانفرنس ایک مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔صدر مملکت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس افغانستان کے عوام کو درپیش معاشی اور انسانی چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔